تاجروں اور سرمایہ کاروں کے وفد کی وزیراعظم سے ملاقات

تاجروں اور سرمایہ کاروں کے ایک وفد نے واشنگٹن میں پاکستان کے سفارتخانے میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ وفد نے جس میں ضیاء چشتی، محمد خیشگی اور حسنین اسلم شامل تھے ،انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ تاجروں ناصر جاوید، اشرف قاضی اور شوکت دھانائی نے بھی واشنگٹن میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے حکومت کی طرف سے کاروبارکو آسان بنانے کے لئے پاکستان میں سرمایہ کاردوست ماحول فراہم کرنے سے متعلق کئے گئے اقدامات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک میں کاروبار کرنے میں آسانی کیلئے اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے وفد کو سماجی و اقتصادی اور صنعتی شعبہ کی ترقی کے بارے میں بتایا۔ وفد نے پاکستان میں سماجی و معاشی ترقی کے تناظر میں وزیراعظم کے وژن کو سراہا اور تعلیم، مینوفیکچرنگ اور سٹیل کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔ صحت اورخوراک کے شعبوں سے متعلق سرمایہ کاروں کے ایک گروپ نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔ وفد میں اسلم خان، مبشرچودھری ، ڈاکٹرباسط جاویداور ڈاکٹرعابد شیخ شامل تھے۔