ملک میں طاقتور کا احتساب شروع ہو چکا ہے،قوم اب پاکستان کو ہر سال تبدیل ہوتا اور اوپر جاتا دیکھے گی۔ عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے مریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں طاقتور کا احتساب شروع ہو چکا ہے،قوم اب پاکستان کو ہر سال تبدیل ہوتا اور اوپر جاتا دیکھے گی۔ ذرا ئع کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کو ریاستِ مدینہ کی طرز پر ایک فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں۔پاکستانی باصلاحیت ہیں لیکن میرٹ نہ ہونے کی وجہ سے انھیں پاکستان میں مواقع نہیں ملتے۔ ہمیں میرٹ کا سسٹم بحال کرنا ہے۔ خاندانوں کی سیاست اور جاگیر دارانہ نظام ختم ہوگا تب ہی میرٹ آئے گا۔وزیر اعظم عمران خان نے ملکی معیشت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ مشکل وقت ہے جو چند ماہ یا سال بھر تک رہے گا لیکن ہم ملک کو مشکل سے نکال کر دکھائیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ’آج تک کبھی کسی کے سامنے جھکا ہوں اور نہ اپنی قوم کو کبھی جھکنے دوں گا۔انھوں نے کہا کہ بڑی کمپنیاں پاکستان میں کرپشن کی وجہ سے نہیں آتیں۔ وہ جن کمنپیوں سے بھی ملے ہر کمپنی یہی کہتی ہے کہ ہم سے رشوت مانگی جاتی ہے لیکن اب کمپنیاں پاکستان ضرور آئیں گی۔انھوں نے امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے درخواست کی کہ یہاں موجود لوگ اپنے بچوں کو پاکستان بننے کا مقصد بتائیں کہ اسے ایک اسلامی فلاحی ریاست بننا تھا جو کہ مدینہ کی ریاست تھی جو کہ قرآن و سنت کے اصولوں پر مبنی تھی۔عمران خان نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان میں کرپشن پر بات ہوتی ہے تو کہتے ہیں کیوں نکالا؟ دراصل یہ نیا پاکستان بن رہا ہے۔ یہ ہے تبدیلی، کبھی پاکستان میں طاقتور کا احتساب نہیں ہوا۔سابق صدر آصف زرداری پر بھی تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’دیکھ رہا ہوں کہ وہ جیل جاتے ہی ہسپتال پہنچ جاتے ہیں۔ آپ کو بھی ہم جیل میں رکھیں گے جہاں ٹی وی اور ایئرکنڈیشنر نہیں ہوگا۔وزیر اعظم نے نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بیرون ملک سے سفارشیں کرائی گئیں، ایک بادشاہ نے بھی سفارش کی، اگر ہم نے طاقتور کا احتساب کر دیا اور بے نامی جائیدادیں ضبط کرلیں اور بیرون ملک گیا پیسہ واپس لے آئے تو یہی ہے وہ وقت جب پاکستان بدلے گا۔