صدر مملکت نے قومی اسمبلی کا اجلاس 29 جولائی کو طلب کر لیا
صدر مملکت نے قومی اسمبلی کا اجلاس 29 جولائی کو طلب کر لیا۔ اجلاس شام چار بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی صدارت میں ہو گا۔ ملکی موجودہ صورتحال زیربحث آئے گی۔ سابق صدر آصف علی زرداری، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، خواجہ سعد رفیق اور دیگر اسیران ممبران قومی اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر کی درخواستیں دے دی ہیں۔ گزشتہ اجلاس اپوزیشن کی ریکوزیشن پر ہوا تھا جو ایک دن جاری رہا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کسی گرفتار رکن کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کئے تھے۔ پروڈکشن آرڈر کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سخت تناؤ پایا جاتا ہے۔ 29 جولائی کے اجلاس کے بارے میں تاحال پروڈکشن آرڈر کے حوالے سے کوئی صورتحال واضح نہیں ہو سکی۔ ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات بالخصوص سانحہ ڈیرہ اسماعیل خان پر بات ہو گی۔ احتساب کی کارروائیوں وزیراعظم کے دورہ امریکہ اور داخلی صورتحال پر بحث ہو گی۔ مہنگائی کا معاملہ بھی اٹھایا جائے گا۔