حکومت دورس اصلاحات متعارف کرانے کےلئے پرعزم ہے:وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت دورس اصلاحات متعارف کرانے کےلئے پرعزم ہے تاکہ پاکستان کو ایک مضبوط جمہوری ملک بنایا جاسکے۔وہ واشنگٹن ڈی سی میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کررہےتھے جو پاکستانی برادری کےلئے ایک بے مثال موقع تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی زیر قیادت حکومت پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر ایک فلاحی ریاست بنانا چاہتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم ملک کو موجودہ مشکلات سے باہر نکالیں گے، حکومت مدارس میں سائنس جیسے جدید مضامین متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کررہی ہے تاکہ غریب طبقے کو بہتر معاشی مواقع میسر آسکیں۔
عمران خان نے کہا کہ ہم ایک قوم بنانا چاہتے ہیں اور ہم بہتری کےلئے تبدیلی لانا چاہتے ہیں جب ہم خاندانوں کی حکمرانی سے چھٹکارا پالیں گے تو میرٹ ایک حقیقت بن جائے گا ہم بدعنوانی کا خاتمہ کریں گے ،سرمایہ کاری راغب کریں گے اور ترقی کی راہ پر گامزن ہونگے۔ملکی معیشت کو دستاویزی شکل دینے سے متعلق اپنی حکومت کے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے تاجروں کو واضح کیا کہ انہیں ٹیکس ادا کرنا ہوگا تاکہ ملک کے بھاری قرضے واپس کئے جاسکیں جو پچھلے دس سال کے دوران چھ ہزار ارب روپے سے بڑھ کر 30 ہزار ارب روپے تک پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمران اگر جیل سے رہائی یا بیرون ملک جانا چاہتے ہیں تو انہیں لوٹی ہوئی دولت واپس کرنا ہوگی۔ عمران خان نے کہا کہ حزب اختلاف کےرہنما جنہیں بد عنوانی کے مقدمات کا سامنا ہے این آر او چاہتے ہیں لیکن وہ اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ان کی حکومت لوٹی ہوئی دولت واپس نہیں لے لیتی۔ افغان مسئلے سے متعلق انہوں نے کہا کہ وہ پہلے دن سے ہی افغانستان میں فوجی حل کی مخالفت کررہے ہیں اور اب پوری دنیا کو ادراک ہوگیا ہے کہ افغان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ اس سے پہلے عوامی اجتماع کے مقام پر آمد پر وزیراعظم کا ہزاروں افراد نے پرتپاک استقبال کیا۔