قبائلی علاقوں میں الیکشن کراکے تاریخ رقم کی گئی:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں میں الیکشن کراکے تاریخ رقم کی گئی ہے، قبائلی علاقوں کا الحاق مکمل ہوگیا ہے، قبائلی عوام نے ثابت کردیا وہ انضمام کے حق میں تھے، قبائل کے انضمام کے مخالفین کو جواب مل گیا ۔ سی ایم ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں الیکشن کراکے تاریخ رقم کی گئی جو ٹاسک صوبائی حکومت کو انضمام کے حوالے سے دیا گیا وہ مکمل کر لیا گیاہے، صوبائی اسمبلی میں قبائلی عوام کو نمائندگی مل گئی ہے ۔انہوں نے نئے ایم پی ایز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ انضمام کے خلاف تھے، ان پر قبائلی عوام نے ثابت کر دیا کہ وہ جمہوریت پسند لوگ ہے، قبائل کے انضمام کے مخالفین کو جواب مل گیا ، خواتین بھی گھروں سے نکل کر ووٹ ڈالنے آئی ،صاف و شفاف الیکشن کی انعقاد پر سکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قبائلی عوام کے ساتھ جو وعدے کئے تھے وہ مکمل کرینگے، اب بھی سب سے زیادہ سیٹیں تحریک انصاف نے جیتی ہے، اس سارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، جن کارکنوں نے پارٹی کو سپورٹ نہیں کیا پارٹی کی اعلیٰ قیادت اس بارے میں فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے آزاد امیدواروں کو تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ قبائلی اضلاع میں دوسرے مرحلے میں بلدیاتی نظام کے انتخابات کرائیں گے ،قانونی طور پر قبائلی اضلاع سے دو صوبائی وزیر لیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پی کے 107 میں جو آزاد امیدوار جیتا وہ پاکستان تحریک انصاف کا ہے، آزاد امیدواروں کو پارٹی میں آنے کی دعوت دی ہے، پارٹی ٹکٹ میرٹ پر ملنے چاہئیں۔