وزیراعظم کے دورہ امریکہ کامقصد عالمی سطح پرپاکستان کے بیانیے کو موثر انداز میں پیش کرنا ہے:ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان
اطلاعات اور نشریات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کا مقصد بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے بیانیے کو موثر انداز میں پیش کرنا ہے۔انہوں نے پیر کی سہ پہر کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم آج واشنگٹن میں امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اپنی طے شدہ ملاقات میں عالمی برادری کے سامنے پاکستان کا بیانیہ اور ملک کا حقیقی چہرہ اجاگر کرینگے۔معاون خصوصی نے کہا کہ عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات سے خطے کی صورتحال پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے جاری کامیاب دورے سے خطے میں پاکستان کو تنہا کرنے کی کوششیں ناکام ہو گئی ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گزشتہ روز واشنگٹن میں پاکستانی برادری سے وزیراعظم کے خطاب کے دوران بڑی تعداد میں پاکستانی برادری نے پاکستان کے بیانیے اور وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ اس دورے سے دنیا کے سامنے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔صحافیوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت صحافیوں کے حقوق سے متعلق مسائل بھی حل کرے گی۔