پاکستان واپس جاکر جیلوں سے اے سی اور ٹی وی نکلوا دوں گا ، سفارشیں بھجوائی ہیں مگر انہیں این آر او نہیں ملے گا، گھرجانا ہے تو پیسہ واپس کرنا ہوگا: وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ آج تک کبھی کسی کے سامنے جھکا ہوں اور نا اپنی قوم کو کبھی جھکنے دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان واپس جاکر جیلوں سے اے سی اور ٹی وی نکلوادوں گا، مریم بی بی شور تو مچائیں گی مگر یہ لوگ جس طرح جیلوں میں رہ رہے ہیں یہ سزا نہیں ہے، انہوں نے باہر سے بھی سفارشیں بھجوائی ہیں مگر انہیں این آر او نہيں ملے گا، گھرجانا ہے تو پیسہ واپس کرنا ہوگا۔واشنگٹن کے کیپیٹل ارینا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ پاکستانیوں کو کبھی شرمندہ نہیں ہونے دوں گا۔عمران خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ایک خاص نعمت کے طور پر ہمیں پاکستان دیا، کسی کو بھی اندازہ نہیں کہ پاکستان اللہ کی کتنی بڑی نعمت ہے، عوام پاکستان کو تبدیل ہوتا دیکھیں گے اور ہر سال ملک اوپر جاتا رہےگا۔ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں دو چیزیں ہوتی ہیں جو بادشاہت میں نہیں، جمہوریت میں میرٹ ہے جب کہ بادشاہت میں میرٹ نہیں ہوتی اور دنیا میں جن ممالک نے بھی ترقی کی میرٹ کی بنیاد پر کی، جس ملک میں میرٹ کم تھا وہ پیچھے رہ گیا۔