عراق کا تنازع کشمیرپر پاکستان کے موقف کی حمایت کا اعادہ
عراق کی اسلامک سپریم کونسل کے رہنما شیخ ڈاکٹرہمام حمودی نے کہاہے کہ عراق کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے موقف کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور اس مسئلے کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے تحت کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو اسلام آباد میں کشمیر کے بارے میں پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام خارجہ امور کے بارے میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ملک احسان اللہ ٹوانہ اور کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت کے ساتھ الگ الگ ملاقاتوں میں کیا۔ڈاکٹرہمام حمودی نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا سلسلہ بند کرانے کے لئے بھارت پر اپنا اثر رسوخ استعمال کرے اور کشمیری عوام کو حق خودارادیت دلائے جس کا وعدہ عالمی ادارے نے کیا ہے۔