اماراتی وزیر خارجہ کا پاکستانی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ، صحت یاب ہونے پر مبارک باد

متحدہ عرب امارات کے وزیرخارجہ شیخ عبداللہ نے کورونا مرض سے صحت یاب ہونے پر پاکستانی ہم منصب کو مبارک باد دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے وزیرخارجہ شیخ عبداللہ نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفون پر ان کی خیریت دریافت کی،دونوں وزرائے خارجہ نے دنیا میں کورونا وبا کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ٹیلی فونک گفتگو میں اماراتی وزیرخارجہ شیخ عبداللہ نے شاہ محمود قریشی کے کورونا مرض سے صحت یاب ہونے پر خوشی کا اظہار کیا،اس موقع پر وزیر خارجہ نے اماراتی وزیر خارجہ کا نیک تمناؤں کے اظہار پرشکریہ ادا کیا۔گفتگو میں وزیر خارجہ نے پاکستان میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے اقدامات سے آگاہ کیا اوروبا کے دوران متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کے لئے طبی معاونت کی فراہمی پر اماراتی وزیر خارجہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا،دونوں وزرائے خارجہ نے وبا کی صورت حال معمول پر آنے کے بعد جلد ملاقات پربھی اتفاق کیا۔اس کے علاوہ وزیر خارجہ پاکستان نے پہلے مریخ مشن پر اماراتی وزیر خارجہ کو مبارکباد دی۔