انگلش کرکٹ بورڈ نے کاونٹی کرکٹ کرپشن کیس میں جرم ثابت ہونے پرپاکستانی لیگ اسپنر دانش کنیریا پر تاحیات پابندی لگادی۔

کاؤنٹی کرکٹ کرپشن کيس ميں ڈسپلنری کميٹی نے قومی ٹیم کے لیگ سپنر دانش کنيريا اوربرطانوی کھلاڑی میروِن ویسٹ فیلڈ پرميچ فکسنگ کے حوالے سے کيس کی سماعت کی۔ کميٹی نے کيس ميں دونوں کھلاڑیوں کو مجرم قراردے دیا جس کےبعد انگلش کرکٹ بورڈ نے کرپشن اورکھلاڑی کو اکسانے کے الزامات کے باعث دانش کنیریا پرتاحیات پابندی عائدکردی جبکہ ایسیکس کاونٹی کے کھلاڑی ویسٹ فیلڈ پر دو سال کی پابندی عائد کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ دانش کنیریا پر الزام تھا کہ انہوں نے دوہزار نو میں کاونٹی چمپئن شپ میں ڈرہم کیخلاف میچ میں اسپاٹ فکسنگ کیلئے ایسیکس کے ساتھی کرکٹر میروین ویسٹ فیلڈ کو اکسایا، جس کا ویسٹ فیلڈ پہلے ہی اعتراف کرچکے ہیں۔ دوسری جانب لندن پولیس نے دانش کنیریا کے خلاف ٹربیونل پینل سے دستاویزات طلب کرلی ہیں اور تحقیقات کے بعد دانش کنیریا کو گرفتار بھی کیا جا سکتا ہے۔