ایپلٹ ٹریبونلز 27 جون تک امیدواروں کی درخواستوں پر فیصلہ کرنے کے پابند ہیں
اسلام آباد: عام انتخابات 2018 کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کا آج آخری روز ہے۔انتخابی شیڈول کے مطابق ملک بھر میں قائم 21 ٹریبونلز میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف 19 جون سے اپیلیں دائر کرنے کا سلسلہ شروع ہوا جس کا آج آخری روز ہے۔ہائی کوٹ کے ججز پر مشتمل ایپلٹ ٹریبونلز 27 جون تک امیدواروں کی درخواستوں پر فیصلہ کرنے کے پابند ہیں۔ اپیلیں دائر کرنے کے آخری روز سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، عائشہ گلالئی اور مہتاب عباسی نے این اے 53 اسلام آباد سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے آر او کے فیصلے کو چیلنج کردیا۔آر او اسلام آباد نے شق 'این' کے تحت مہتاب عباسی اور عائشہ گلالئی کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے تھے، دونوں امیدواروں نے اپنے حلقوں میں مفاد عامہ کے لیے کیے جانے والے کاموں کی تفصیلات کا خانہ کاغذات نامزدگی میں خالی چھوڑ دیا تھا۔