ملک کے مختلف شہروں میں سورج کے آگ برسانے کا سلسلہ جاری
ملک کے مختلف شہروں میں سورج آنکھیں دکھانے میں مصروف ہے، پنجاب،بلوچستان اور اندرون سندھ میں گرمی کی شدت تاحال برقرار ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہیگا، تاہم لاہور، گوجرانوالہ، ساہیوال ،راولپنڈی،اسلام آباد، سرگودھا،ملتان اورفیصل آباد میں بادل برسیں گے، پشاور، کوہاٹ ،مالا کنڈ،ہزارہ،بنوں، فاٹا ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا،تاہم روالپنڈی، بہاولپور، سرگودھا،ہزارہ ڈویژن،گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی، بہاولنگر بیس، بہاولپور چودہ اور چکوال میں چھ ملی میٹر بارش ہوئی،تربت میں درجہ حرارت اننچاس، سبی اڑتالیس، دالبدین چھیالیس،خضدار،نوکنڈی، جیکب آباد اور دادو میں پنتالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔