ٹکٹ صرف اور صرف میرٹ پردیئے جائیں گے، نیازی اور زرداری کی نااہلی اور نالائقی کی وجہ سے کے پی اور سندھ کے عوام نے انہیں مسترد کردیا۔ شہبازشریف
صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پارٹی ٹکٹوں پر اختلافات کا معاملہ زیر غور آیا، اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ٹکٹ صرف اور صرف میرٹ پر دیئے جائیں گے۔ ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے پارلیمانی بورڈ نے تمام امیدواروں کے انٹرویو کیے ہیں اور اس حوالے سے بورڈ کی سفارشات موجود ہیں۔ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے پارلیمانی بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں ہی ٹکٹ جاری کیے جائیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ میرٹ، پارٹی ڈسپلن اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ وفاداری کو ترجیح دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام مسلم لیگ (ن) سے والہانہ محبت کرتے ہیں، خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی ناقص کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔ نیازی اور زرداری کی نااہلی اور نالائقی کی وجہ سے کے پی اور سندھ کے عوام نے انہیں مسترد کردیا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب مسلم لیگ ن کا قلعہ ہے۔یہاں سینکڑوں میگا پراجیکٹس لگائے ہیں۔ جن میں قوم کے اربوں روپے کی بچت کی۔