حکومت رواں ماہ کے اختتام پر اثاثے ظاہرنہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کریگی،ڈاکٹر فردوس
اطلاعات ونشریات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ رواں ماہ کے اختتام کے بعد حکومت جائیداد اوراثاثے ظاہرنہ کرنے والے افراد کیخلاف کارروائی کرے گی۔ انہوں نے ایک نجی نیوزچینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ ایمنسٹی سکیم کا ماضی کی سکیموں سے موازنہ نہیں کیاجاسکتا کیونکہ اس سکیم کامقصد محض ریونیواکٹھاکرنے کی بجائے جائیداد اوراثاثوں کودستاویزی شکل دیناہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ قوم میں ٹیکسوں کی ادائیگی کاجذبہ، صلاحیت اورعزم موجود ہے لیکن انہیں اعتماد کے شدیدفقدان کاسامناہے کیونکہ ماضی میں حکمرانوں نے ٹیکسوں کی رقم اپنی جائیدادیں بنانے اورذاتی مفادات پرخرچ کی۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت قومی معیشت کے استحکام اورملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے سنجیدگی کے ساتھ کام کررہی ہے