سعودی عرب میں موجود تارکین وطن کے لیے اہم خبر
ریاض: سعودی وزارت داخلہ نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے تارکین وطن کو خبردار کیا ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے والے تارکین وطن کو بے دخلی کی سزا پر عملدرآمد بھی کیا جاسکتا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان طلال الشلھوب کا کہنا ہے کہ حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے مقرر سزاؤں کے ضمن میں یہ بات واضح ہے کہ خلاف ورزی کرنے والے تارک وطن کی بے دخلی اصلی سزا پر عملدرآمد کے بعد شروع ہوگی۔ الشلھوب سے دریافت کیا گیا تھا کہ اگر سعودی عرب میں مقیم کسی غیرملکی نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقرر کردہ حفاظتی اقدامات میں سے کسی ایک کی خلاف ورزی کی تو ایسی صورت میں اسے کب بے دخل کیا جائے گا؟ ترجمان نے وضاحت کی کہ مثلاً اگر کسی خلاف ورزی کی سزا میں قید شامل ہو تو ایسی صورت میں پہلے تارک وطن کو قید کی سزا دی جائے گی۔