ہم پاکستان کو وسیع سرمایہ کاری کے ذریعے ایشیاء کا صنعتی مرکز بنانا چاہتے ہیں: وزیر اعظم شہباز شریف
رائیل نووا پرائیویٹ لیمیٹڈ (Royale Nova Pvt Ltd) کے بانی شاہ اور چئیرمین کے مشیر عزت مآب جناب شیخ خالد محمد سلمان الخلیفہ سے بحرینی کمپنیوں کے وفد کے ہمراہ ملاقات میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کو وسیع سرمایہ کاری کے ذریعے ایشیاء کا صنعتی مرکز بنانا چاہتے ہیں. ملاقات میں سرمایہ کاری بورڈ (BOI) نے بحرینی وفد کے شرکاء کو پاکستان میں مختلف شعبوں خصوصا صحت، سیاحت، ہوٹل، مہمان نوازی، ہاؤسنگ، زراعت، خوراک اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں موجود سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پرتفصیلی بریفنگ دی۔
وفد کو بتایا گیا کہ پاکستان خطے میں اپنی سٹریٹیجک لوکیشن، نوجوان آبادی، ہنر مند افرادی قوت، بے شمار قدرتی وسائل اور کاروبار دوست ماحول کی وجہ سے سرمایہ کاری کے لیے مثالی جگہ ہے۔بحرینی وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا، اور انہوں نے اگلے 6 ماہ میں ہوٹل اینڈ ہاسپیٹئلیٹی اور ہاؤسنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے آغاز کا عندیہ ریا۔ اس کے علاوہ انہوں نے زراعت، ماہی گیری اور کنسٹرکشن کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کرنے کے لیے خاصی دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ بحرینی سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر ہر ممکن سہولت فراہم کریں، اور اس سلسلے میں تمام وسائل احسن طریقے سے بروۓ کار لائیں۔
ملاقات میں وزیرسرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین، وزیرتجارت سید نوید قمر، وزیربراۓ ہاؤسنگ اینڈ ورکس عبدالواسع، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ اعلی سرکاری حکام نے شرکت کی۔