آزادی مارچ کیس:اسد قیصر کی 4 مقدمات میں ضمانت منظور

سیشن کورٹ اسلام آباد نے رہنما تحریک انصاف اسد قیصر کی 4 مقدمات میں ضمانت منظورکر لی۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے جج محمد اعظم خان نے رہنما پی ٹی آئی اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی آزادی مارچ کے 4 مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت کی۔دوران سماعت پولیس نے تمام مقدمات کا ریکارڈ عدالت میں جمع کرایا۔اسد قیصر کے وکیل کی جانب سے دیگر ملزمان کی بریت کے فیصلے عدالت میں پیش کر دیئے گئے۔جج اعظم خان نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کچھ کہنا چاہتے ہیں؟ جس پر پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ نہیں، سارے قابل ضمانت سیکشنز لگے ہوئے ہیں، جس پر عدالت نے اسد قیصر کی 4 مقدمات میں ضمانت منظور کر لی ۔واضح رہے کہ رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر کیخلاف دو مقدمات تھانہ گولڑہ اور ایک، ایک مقدمہ تھانہ کوہسار اور انڈسٹریل ایریا میں درج ہے۔