ججز کی بحالی کیلئے جان ہتھیلی پر رکھ کر لانگ مارچ کیا، پرویز مشرف کی پالیسیوں کو پہلے مانتے تھے نہ آج مانیں گے،ہمارا منشور ایک نئے پاکستان کی نوید ہے.میاں نوازشریف
لاہور میں مسلم لیگ نون کے انتخابی امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے میاں نوازشریف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون نے نگران وزیراعظم کیلئے بہترین نام دیئے۔ پی سی او کے تحت حلف نہ اٹھانے پر جسٹس سعید الزمان صدیقی کو فارغ کیا گیا۔جسٹس ریٹائرڈ ناصراسلم زاہد نے بھی پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی سی او ججز کو وہ نہ پہلے مانتے تھے اور نہ ہی اب مانتے ہیں۔ مشرف کی طرف سے نکالے ہوئے ججز کی بحالی کیلئے جان ہتھیلی پر رکھ کر لانگ مارچ کیا اور انہیں بحال کروایا۔ میاں نوازشریف کا کہنا تھا کہ زرداری حکومت نے میاں شہباز شریف کی حکومت کو ختم کیا،خارجہ پالیسی تباہی کی جانب گامزن ہے اورملک اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے پرویز مشرف کی پالیسیوں کو مانا تھا اور نہ اب مانیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتیں ختم کی گئیں اور پاکستان دولخت ہوا لیکن کسی بھی سانحے کی رپورٹ سامنے نہ آسکی، ایبٹ آباد واقعہ پر بننے والے کمیشن کا بھی اب کوئی پتہ نہیں۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ یہاں تو وہ بھی تبدیلی کی بات کررہے ہیں جن کو تبدیلی کا پتہ نہیں۔ مسلم لیگ نون کا منشور ایک نئے پاکستان کی نوید ثابت ہوگا۔