کرائسٹ چرچ حملے: نیوزی لینڈ میں پہلی بار سرکاری سطح پر اذان نشر، دو منٹ کی خاموشی
نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں 15 مارچ کو دو مساجد میں حملوں میںشہید ہو نے والوں کی یاد میں نیوزی لینڈ میں پہلی بار سرکاری سطح پر اذان نشر کی گئی جس کے بعد دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور منعقدہ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آرڈرن نے اظہار یکجہتی کا پیغام دیا۔ جے سنڈا آرڈرن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'پیغمبر اسلام کے مطابق تمام مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں۔ اگر جسم کے ایک حصہ میں تکلیف ہو تو پورا جسم اس کی تکلیف محسوس کرتا ہے۔انہوں نے ہزاروں سوگواران کے ساتھ النور مسجد کے قریب منعقدہ تقریب میں کہا کہ نیوزی لینڈ آپ کے ساتھ سوگوار ہے، ہم ایک ہیں۔مسلمان برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی کے قومی دن کی مناسبت سے جمعہ کی اذان کو سرکاری ٹیلی ویڑن اور ریڈیو پر مقامی وقت کے مطابق ڈیڑھ بجے نشر کیا گیا جس کے بعد دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔واضح رہے کہ کرائسٹ چرچ میں گزشتہ جمعہ کو دو مساجد پر ہونے والے حملوں میں9پاکستانی سمیت پچاس افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔