ملائیشیا کا جےایف17تھنڈرلڑاکاطیاروں اورٹینک شکن میزائلوں کی خریداری میں اظہاردلچسپی
ملائیشیا نے پاکستان سے جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیاروں اور ٹینک شکن میزائلوں کی خریداری میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔
یہ بات وزیر خزانہ اسد عمر نے آ ج وزیراعظم ہاوس اسلام آباد میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد صحافیوں کوبریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کے وفد نے مستقبل قریب میں پاکستان میں جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیاروں کی دفاعی نمائش میں شرکت کی خواہش ظاہر کی ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ فریقین نے مختلف شعبوں میں لاکھوں ملین ڈالرز کے کاروبار اور سرمایہ کاری پر اتفاق کیا ہے۔ اس طرح دونوں وفود نے ایک دوسرے کے ملک میں اپنے بنکوں کی برانچیں کھولنے سے بھی اتفاق کیا۔ وزیر خزانہ نےکہا کہ معاونین کے بغیر ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے ملائیشیا کے وزیراعظم کوبھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی اور پاکستان کی خطے میں امن و استحکام کی خواہش کے بارے میں بتایا۔