خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے مزید ایک خاتون دم توڑگئی,مجموعی اموات 4 ہوگئیں
صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے مزید ایک خاتون دم توڑ گئی جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 3 جبکہ ملک میں مجموعی اموات 4 تک پہنچ گئی ۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ صوبے میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 3 ہوگئی جس کے بعد ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 4 تک پہنچ گئی۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے فوت ہونے والی خاتون کا تعلق تربت سے تھا جنہیں علاج کے لیے ڈی آئی خان منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کا انتقال ہوگیا،خاتون ایران سے آئی تھی ۔انہوں نے کہا کہ دوران علاج ان کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے تھے جو مثبت آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کا پھیلا ئوکیلئے 24 مارچ تک لاک ڈائون کا فیصلہ کیا ہے جبکہ 7 روز کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی لگائی ہے اور ریسٹورنٹ سمیت دکانیں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم پٹرول پمپ، ادویات اور اشیائے خورونوش کی دکانیں کھلی رہیں گی اور مال بردار گاڑیوں کو بھی پابندی سے استثنیٰ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ علمائے کرام سے رابطے میں ہیں اور عوام سے حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل ہے، لوگ اجتماع میں جانے سے گریز کریں، سماجی رابطوں کو محدود کریں، عوام ساتھ دیں گے تو اس جنگ میں کامیاب ہو سکیں گے، طبی عملے میں اضافے کے لیے 13 سو ڈاکٹرز بھرتی کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور محکمہ صحت کا عملہ کرونا کے خلاف جنگ کر رہا ہے۔ اٹلی اور چین کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں، چین نے فوری اقدامات سے کرونا وائرس کو کنٹرول کیا۔اس موقع پر انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بلند عزم و حوصلے سے کرونا وائرس کو شکست دیں گے۔