نیب جرات دکھائے اور مریم نواز کی پیشی کے وقت کارکنان کو نہ روکے: رہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثنااللہ
مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنااللہ نے قومی احتساب بیورو (نیب) سے کہا ہے کہ وہ 26 مارچ کو نیب میں پیشی پر پارٹی کی نائب صدر مریم نواز کے ہمراہ آنے والے کارکنان کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہ ڈالے۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ نیب میں اتنی جرات ہونی چاہیے کہ وہ مریم نواز کے ہمراہ (ن) لیگ کے کارکنان کو آنے کی اجازت دے اور یقین دہانی کرائی کہ کارکنان پرامن رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنان کو روکا نہیں جانا چاہیے، نیب نے جب مریم نواز کو طلب کیا ہے تو اب ان میں یہ جرات بھی ہونی چاہیے کہ وہ ان سے اظہار یکجہتی کے لیے لوگوں کو وہاں جمع ہونے کی اجازت دے اور ان کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے۔