صوبہ پنجاب میں مختلف سیکٹرز کی ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کیلئے فنڈز کی منظوری

پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2021-22 کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 69ویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی 5ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 25 ارب 50کروڑ 8لاکھ 11 ہزار روپے کی منظوری دی۔اجلاس کی صدارت چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ عبد اللہ خان سنمبل نے کی۔ صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں گجرات میں نواز شریف میڈیکل کالج کے قیام، یونیورسٹی آف گجرات اور عزیز بھٹی شہید ہسپتال کو ٹیچنگ ہسپتال میں اپ گریڈ کرنے کیلئے 3 ارب 1 کروڑ 25 لاکھ 98 ہزار روپے، ڈیرہ غازی خان میں میر چکر خان رند یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کی استعداد کار بڑھانے (ترمیمی) کیلئے 7 ارب 7 کروڑ 34 لاکھ 72ہزار روپے، لاہور میں پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کی استعداد کار بڑھانے (ترمیمی) کیلئے 4 ارب 86 کروڑ 15 لاکھ 19 ہزار روپے، سورا ڈیم کی تعمیر (ترمیمی) کیلئے 9 ارب 84 کروڑ 69 لاکھ روپے اور نیشنل پارکس، ویٹ لینڈرز، ایکو ٹورازم سائٹس اور سفاری پارک کے ترقیاتی کاموں کیلئے 70 کروڑ 63 لاکھ 22 ہزار روپے شامل ہیں۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ مجاہد شیر دل سمیت متعلقہ صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔