آرمی چیف سے آذر بائیجان کے وزیر دفاع کی ملاقات

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر بات چیت کی گئی، اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان آذر بائیجان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،دوطرفہ تعلقات کی جڑیں مذہبی وابستگی، مشترکہ اقدار سے جڑی ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں نے خطے میں امن و سلامتی کے لیے کوششوں سمیت دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کیا۔او آئی سی کے وزرائے خارجہ کی 48ویں کونسل کے اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اسے افغانستان کی سنگین انسانی صورتحال سے نمٹنے اور عالمی برادری کو ایک مشترکہ وژن اور مشترکہ حکمت عملی پر لانے کے لیے ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا تاکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے ضروری ابھرتے ہوئے چیلنجوں کا حل تلاش کیا جا سکے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق معزز مہمان نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔ انہوں نے او آئی سی کی 48ویں وزرائے خارجہ کونسل کی میزبانی پر پاکستان کی کوششوں کو خصوصی طور پر سراہا۔