وزیراعظم عمران خان سے قازقستان کے وزیر خارجہ کی ملاقات،دوطرفہ تعلقات ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان تجارت اور باہمی رابطوں میں اضافہ کیلئے تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے، پاکستان اقوام متحدہ ، او آئی سی، ایس سی او اور ای سی او جیسے علاقائی اور بین الاقوامی فورمز سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کیلئے پرعزم ہے۔ منگل کو اسلامی تعاون تنظیم کے وزرا خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کے موقع پر قازقستان کے وزیر خارجہ مختار تلی بردی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر قازقستان کے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے ستمبر 2021 میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)سربراہ اجلاس کے موقع پر قازقستان کے صدر قاسم جومارٹ توکایوف سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان کی وژن سنٹرل ایشیا پالیسی کو دہرایا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور روابط میں اضافہ کیلئے تعاون کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات میں افغانستان سمیت مختلف علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ قازقستان کے وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کو قازقستان میں ہونے والی پیشرفت اور دوطرفہ تعاون سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ، او آئی سی، ایس سی او اور ای سی او جیسے علاقائی اور بین الاقوامی فورمز سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کوبڑھانے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سال کے آخر میں قازقستان کے صدر کے دورہ پاکستان کے متمنی ہیں۔