وزیر اعظم کا ریلیف پیکج: موٹر سائیکل والوں کو ایک دن میں کتنا سستا پیٹرول ملے گا؟

اسلام آباد : وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل والوں کو ایک دن میں دو سے تین لیٹر سستا پٹرول ملے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیراعظم کے مجوزہ پیٹرول پیکچ پر آئی ایم ایف کا اعتراض نہیں بنتا، آئی ایم ایف کواعتراض تب ہوگا جب ہم سبسڈی دیں گے، ہم کوئی سبسڈی نہیں دے رہے۔ مصدق ملک کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہے کہ سبسڈی نہیں دیں گے وزیراعظم کے پٹرول پیکچ پر سبسڈی زیرو ہوگی، جتنا غریب کیلئے پیٹرول سستا اتنا ہی امیر کیلئے مہنگا کریں گے۔ وزیر مملکت نے بتایا کہ وزیر اعظم کے مجوزہ پٹرول ریلیف پیکج کے تحت موٹرسائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں کیلئے فی لیٹر پر 50 روپے ریلیف کی تجویز ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ موٹر سائیکل 21 اور چھوٹی گاڑیوں کیلئے ماہانہ پٹرول کی حد 30 لیٹر تجویز ہے، امیر اور غریب کے پٹرول میں 100 روپے فی لیٹر کا فرق ہوگا۔