پاکستان کو چین کی دوستی پر فخر ہے، مختلف عالمی امور پر دونوں ممالک کا موقف یکساں ہے.میر ہزار خان کھوسو ,نگران وزیراعظم
اسلام آباد میں نگران وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو کی جانب سے چینی ہم منصب لی کی چیانگ کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس میں صدر آصف علی زرداری بھی شریک تھے۔ عشائیہ میں دونوں ممالک کی قیادت کی غیر رسمی ملاقات بھی ہوئی۔ نگران وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو چین کی آزمودہ دوستی پر فخر ہے، مختلف عالمی امور پر دونوں ملکوں کا موقف یکساں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی جمہوری حکومت کے قیام سے قبل چین کے وزیراعظم کا یہ دورہ بہت اہم ہے۔ نگران وزیراعظم نے کہا کہ چین کی بے مثال ترقی دیگر اقوام کے لیے قابل تقلید ہے۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال اور جغرافیائی لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستان جنوب ، مشرقی اور وسطی ایشیا کے لیے بہت اہم ہے۔