امریکا کی نصف آبادی نے ایران سے جنگ کا امکان ظاہر کر دیا۔ سروے
امریکا میں بسنے والی نصف آبادی نے ایران کے ساتھ جنگ کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اس امر کا انکشاف خبر رساں ادارے'رائیٹرز' کی طرف سے جاری کردہ رائے عامہ کے ایک جائزے میں کیا گیا ہے۔ سروے رپورٹ میں شامل شہریوں کی نصف تعداد نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی کے باعث آئندہ چند برسوں میں جنگ چھڑ سکتی ہے۔اگرچہ امریکی عوام ایران کی طرف سے جنگ اور حملوں کی دھمکیوں پر تشویش کا اظہار کر چکے ہیں تاہم امریکیوں کا خیال ہے کہ ایرانی فوج پیشگی دفاع کی پالیسی کے تحت امریکی تنصیبات پر حملہ نہیں کرے گی۔ یہ سروے 'رائٹرز' اور 'ابسوس' کے زیر اہتمام 17 سے 20 مئی کے دوران کیا گیا۔ رائے عامہ کے جائزے میں کہا گیا ہے کہ اگر ایران امریکی فوج پر حملہ کرتا ہے تو امریکا مکمل یا جزوی طور پر ایران کے خلاف فوجی کارروائی کر سکتا ہے۔