فرشتہ واقعہ میں غفلت کے مرتکب اہلکاروں کو جیل بھیجا جائے۔ شیری رحمان
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ بچی فرشتہ کے واقعہ میں غفلت کر مرتکب پولیس اہلکاروں کو جیل بھیجا جائے، ملک میں انصاف کا یہ حال ہے کہ پوچھنے والا ہی کوئی نہیں ہے۔ بدھ کو شیری رحمان نے اسلام آباد میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی بچی فرشتہ کے اہلخانہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فرشتہ کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا لیکن اس کا پوسٹ مارٹم ہی نہیں کیا جا رہا تھا۔ غفلت کے مرتکب پولیس اہلکاروں کو صرف معطل کر دینا ہی کافی نہیں انہیں گرفتار کر کے جیل بھیجا جائے۔انہوں نے کہا کہ فرشتہ کا کیس تو رپورٹ ہو گیا لیکن جو کیس رپورٹ ہی نہیں ہوتے ان کا کیا ہو گا ؟ غریب کے لیے الگ اور امیر کے لیے الگ قانون نہیں ہو سکتا۔ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری نے بھی افسوسناک واقعہ پر آواز اٹھائی ہے۔