زیادہ سے زیادہ مستحقین تک راشن پہنچانا ہماری کوشش ہے۔ پاکستانی کمیونٹی فرانس

پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے ) پیرس کے نواحی علاقے پیری فیت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے ضرورتمندوں اور مستحقین میں امدادی راشن تقسیم کیا۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے فرانس میں جب لاک ڈاﺅن کا آغاز ہوا، تو کام کاج اور کاروبار کی بندش کی وجہ سے لاکھوں لوگ متاثر ہوئے ، ان متاثر ہونے والوں میں دیہاڑی دار ، بغیر قانونی دستاویزات والے اور مہاجر تارکین وطن کی کثیر تعداد شامل تھی ، ایسے لوگوں کی امداد کے لئے پیری فیت شہر کے دردمند پاکستانی متحرک ہوئے اور انہوں نے ضرورتمندوں کی مدد کے لیے عملی قدم اٹھایا اور انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت تقریباً چار سو سے زائدگھرانوں اور بیروزگار افراد میں راشن تقسیم کیا۔ ضرورتمندوں کے لئے امدادی راشن مہیا کرنے کے کار خیر میں حصہ لینے والوں میں چوہدری غلام احمد قادر ، چوہدری اشفاق جٹ، چوہدری اسلم اسحاق ، چوہدری سعید عابدین ، چوہدری ثاقب (مہاراجہ ریسٹورنٹ)، چوہدری شہباز کسانہ، چوہدری محمد رزاق وسن، چوہدری سرفراز ، چوہدری ریاض اور دیگر ساتھیوں کے علاوہ پیری فیت شہر کے مئر کے امیدوار عرب نژاد فرید اید سمیت دیگر افراد نے اس کارِ خیر میں حصہ لیا اور ضرورت مند افراد کو ان کی رہائش گاہ پر جاکر راشن فراہم کیا۔ پئری فیت کمیونٹی کے راہنماؤں نے بتایا کہ ہم نے یہ راشن پاکستانی، عربی، افریقی، فرنچ کمیونٹی میں بلاتفریق تقسیم کیا ہے اور انشاء اللہ آئیندہ بھی اپنی بساط کے مطابق ضرورتمندوں کی امداد کرتے رہیں گے۔