لاہور سے کراچی جانے والا طیارہ کراچی ایئر پورٹ کے قریب گرکر تباہ ہو گیا۔

پی آئی اے کا لاہور سے کراچی جانے والا طیارہ کراچی ایئر پورٹ کے قریب گرکر تباہ ہو گیا، جہاز میں عملے سمیت 107مسافر سوار تھے، سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ پی آئی اے کی لاہور سے کراچی جانے والی پرواز کو حادثہ ماڈل کالونی کے علاقے میں پیش آیا، سول ایوی ایشن کی جانب سے ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، کورونا کے باعث مسافروں کی تعداد زیادہ نہیں تھی۔ عینی شاہد کا کہنا ہے طیارے کو حادثہ 2 بج کر 35 منٹ پر پیش آیا، رن وے اور آبادی کے درمیان ایک روڈ کا فاصلہ ہے جہاں طیارہ گر کر تباہ ہوا۔
ذرائع کا بتانا ہےکہ سول ایوی ایشن نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پی آئی اے کی پرواز کا لینڈنگ سے ایک منٹ قبل کا ائیرٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔ذرائع کے مطابق طیارے میں 96 کے قریب مسافر سوار تھے اور عملے کے 8 افراد اس کے علاوہ ہیں۔ذرائع سول ایوی ایشن کا کہنا ہےکہ طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوئی تھی اور لینڈنگ سے پہلے اس کے پہیے نہیں کھل رہے تھے جس پر پرواز کو راؤنڈ اپ کا کہا گیا لیکن اس دوران جہاز گر گیا۔ذرائع کے مطابق طیارہ ماڈل کالونی اور ملیر کینٹ کے قریب جناح گارڈن کے پاس گرا ہے اور اس میں گرتے ہی ہولناک آگ لگ گئی، طیارہ گرنے سے علاقے میں کے الیکٹرک کی تاریں اور ٹیلی فون کی تاریں بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔حادثے کے بعد رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کا عملہ بھی پہنچ چکا ہے اور شہر بھر سے فائر ٹینڈرز طلب کرلیے گئے ہیں۔