ابراہیم رئیسی کے انتقال پر تعزیت کیلئے وزیراعظم شہباز شریف ایران روانہ
وزیراعظم شہباز شریف ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیرخارجہ اور دیگر کے انتقال پر تعزیت کیلئے ایران روانہ ہوگئے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف مرحوم صدر سید ابراہیم رئیسانی اور وزیر خارجہ کی شہادت پر تعزیت کریں گے، وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار ، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ہیں۔ وزیراعظم ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ امام خامنہ ای اور ایران کے قائم مقام صدر ڈاکٹر محمد مخبر سے ملاقات کریں گے اور پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے تعزیت کا اظہار کریں گے۔ علاوہ ازیں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیرخارجہ اور رفقاء کی نماز جنازہ تہران میں ادا کردی گئی ہے۔ یاد رہے کہ 19 مئی بروز اتوار ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر آذربائیجان کی سرحد پر ڈیم کی افتتاحی تقریب سے واپس آتے ہوئے موسم کی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں ایرانی صدر، وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان و دیگر حکام جاں بحق ہوگئے تھے۔