میمو سکینڈل کے حوالے سے دو روز میں حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔ رحمان ملک
اسلام آباد میں نادرا ہیڈکوارٹر کے دورے کے موقع پر میڈیا سےگفتگو کرتےہوئے انہوں نے کہا کہ پچاس موبائل وینز نادرا کے حوالے کر دی گئی ہیں جس سے نہ صرف نادرا کی کارکردگی میں بہتری آئے گی بلکہ اس سے عوام کو انکی دہلیز پر کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ فراہم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ نادرا ویزوں کےحصول کیلئے بھی پروگرام تشکیل دے رہا ہے۔ متنازع میمو کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ پاکستانی ایجنسیوں میں حقائق سامنے لانے کی صلاحیت موجود ہے، کوئی بات مفروضوں کی بنیاد پر نہیں کرنا چاہتا، دو روز میں حقائق عوام کے سامنے ہوں گے۔ دہشتگردوں سے مذاکرات کے سوال پر انہوں نے کہا کہ دہشتگرد اسلحہ چھوڑ دیں تو بات چیت کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے برہان الدین ربانی قتل کیس میں افغانستان سے پاکستان آنے والی ٹیم کی بھرپور مدد کا اعلان بھی کیا۔