جب تک نظریہ پاکستان ملک میں نافذ نہ ہو ملک مضبوط نہیں ہو سکتا۔ سینیٹر سراج الحق

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ یہ ملک مدینہ منورہ کے بعد واحد ریاست ہے جو نظریہ کی بنیاد پر بنا۔ یہ زمین کا ایک ٹکڑا نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے ۔جب تک نظریہ پاکستان ملک میں نافذ نہ ہو ملک مضبوط نہیں ہو سکتا۔ ایمان و عشق رسول ۖ کا تقاضاہے کہ اس نظام کے قیام کے لیے جدوجہد کریں جس کے لیے پیغمبر اسلام ۖ دنیا میں تشریف لائے ۔ ہماری زندگیوں میں سارا حسن پیغمبر اسلام کی وجہ سے ہے اور آج ہم نے ترقی کرنی ہے تو سیرت رسول کی پیروی کرنا ہوگی ۔ حضور ۖنے ہمیں ایک نظام دیا ہے اس نظام کی موجودگی میںلینن، ہٹلر اور دوسرے ازم کی طرف دیکھنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ہمارا سارا نظام سودکی بنیاد پر چل رہا ہے ۔سودی نظام کی موجودگی میں ملکی معیشت نہ ترقی کرسکتی ہے نہ ٹھیک ہوسکتی ہے ۔ اسلامی نظام معیشت کے بجائے سودی معیشت اپنانے کی وجہ سے ہر بچہ مقروض اور ہر پاکستانی کے ہاتھوں میں ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کی ہتھکڑیاں ہیں ۔غربت ، مہنگائی اور بے روزگاری نے لوگوں کی چیخیں نکال دی ہیں ۔ملک و قوم کو درپیش تمام مسائل کا حل اسلامی نظام کا نفاذ ہے ۔ملک میں اسلامی نظام کے قیام اور مسائل کے حل کے لیے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے ۔ وہ نشترہال پشاور اور ودودیہ ہال سیدوشریف سوات میں عظیم الشان پیغام سیرت النبی ۖ کانفرنس سے خطا ب کر رہے تھے ۔ کانفرنس سے امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان ، امیر جماعت اسلامی پشاور عتیق الرحمن ، امیر جماعت اسلامی سوات محمد امین اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔سینیٹر سراج الحق نے مزید کہاکہ آج کل معاشرے میں یوٹرن کا اصطلاح عام ہورہا ہے لیکن مسلمانوں کا عقیدہ ہے کہ جو وعدہ کرو پورا کرو اور کبھی بھی وعدہ خلافی نہ کرو ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ وسائل اور جفاکش و محنتی لوگوں سے نوازا ہے ۔ دنیا بھر میں پاکستانی اپنی خدا داد صلاحیتوں کی وجہ سے اپنا ایک مقام و وقار رکھتے ہیں لیکن اللہ کے نظام سے روگردانی کی وجہ سے آج ملک میں بھوک، غربت اور بے روزگاری ہے ۔پاکستان کو قائم ہوئے 71 سال ہوگئے ہیں لیکن آج تک عدالتوں میں قرآن کا نظام قائم نہ ہوسکا اور انگریزوںکے جانے کے بعد بھی ہمارا عدالتی نظام ، تعلیمی نظام اور کلچر انگریز کے نظام سے آزاد نہ ہوسکا ۔ہماری کامیابی اور ترقی ہمارے کردار ، عشق رسول ۖ اور شریعت محمد ی سے ہے مغربی کلچر کے پیروی سے نہیں ہے ۔جماعت اسلامی نے حرمت رسول ۖ کی تحریک شروع کر رکھی ہے اور ربیع الاول کا مہینہ پیغام سیرت کے طور پر منارہے ہیں ۔ہم نے پاکستان میں شریعت محمد ی کے نفاذ کے لیے جدوجہد کرنی ہے پوری قوم ہمارا ساتھ دے ۔