معلوم نہیں عمران خان ملک کو بدنام کیوں کررہے ہیں۔ احسن اقبال

معلوم نہیں عمران خان ملک کو بدنام کیوں کررہے ہیں،احسن اقبال
بیرون ملک پاکستان کی بدنامی کر کے سرمایہ کیسے لایا جا سکتا ہے، ہمارے ہاتھ صاف ہیں آپکی دھمکیوں سے نہیں ڈرتے،اپنی ناکامیوں پر ہماری گرفتاریوں سے پردہ نہیں ڈال سکتے،خان صاحب ہم آپ کوگرانانہیں چاہتے،ہم چاہتے ہیں کہ آپ کا قوم سے دھوکاکھل کرسامنے آ ٓجائے،پریشان نہ ہوں،نواز شریف جب بولیں گے تو وہ یوٹرن نہیں ہوگا،عمران خان کے سو دن 100یوٹرن بن چکے ہیں ،قابلیت دکھائیں،سیاسی شہید نہیں بننے دینگے،کراچی میں میڈیا سے گفتگو
کراچی (اے این این ) مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ معلوم نہیں کہ عمران خان دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی کیوں کررہے ہیں،جب ملک کی منفی تصویر پیش کی جائیگی توکون سا سرمایہ کارپاکستان آئے گا۔سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان دنیا کوجا کریہ بتاتے ہیں کہ پاکستان کرپٹ ملک ہے،دھاندلی کے ذریعے عمران خان کو مسلط کیا گیا ہے ،حکومت نے پاکستان سے متعلق دنیا بھر میں منفی پروپیگنڈہ شروع کیا ہوا ہے۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ موجودہ حکومت کہیں ہماری کوششوں پرپانی نہ پھیر دے۔انہوں نے کہا کہ چین میں سی پیک کے منصوبوں کے قصیدے پڑھتے ہیں۔ہماری حکومت نے دنیا کو بتایا تھا کہ پاکستان نے دہشتگردوں کی شکست دی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کی تنظیم سازی کے لیے سندھ آیا ہوں،حیدرآباد میں اہم شخصیات مسلم لیگ ن میں شامل ہورہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ہاتھ صاف ہیں آپکی دھمکیوں سے نہیں ڈرتے،اگر آپ سمجھتے ہیں اپنی ناکامیوں کو ہماری گرفتاری سے چھپالیں گے تو آپ کی بھول ہے، ہم آپ کو چھپنے نہیں دیں گے اور قوم کو بتائیں گے اناڑی اناڑی ہی ہوتاہے، آج ملک میں مہنگائی کا پہاڑ عوام پر ڈھا دیا گیا ہے جس میں حکومت کی ناتجربےکاری ہے۔،عمران خان نے جو جال ہمارے لیے بچھایاتھا آج خود اس میں پھنس گیا۔عمران خان اپنی ناکامیوں پر ہماری گرفتاریوں سے پردہ نہیں ڈال سکتے۔احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ خودکشی کرلونگا لیکن آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاونگا،عمران خان آپ توقرضے بھی لے رہے ہیں اور آئی ایم ایف کے پاس بھی جارہے ہیں،اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ قوم کو دھوکا دے کرآئے ہیں۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ خان صاحب ہم آپ کوگرانانہیں چاہتے،ہم چاہتے ہیں کہ آپ کا قوم سے دھوکاکھل کرسامنے آ ٓجائے،پریشان نہ ہوں ،آپ کے پاس ٹائم ہے،اپنی قابلیت ظاہر کریں۔ہم نہیں چاہتے ملک میں درجہ حرارت اتنا بڑے جس سے یہ حکومت لوگوں کو یہ تاثر دے کہ اپوزیشن ہمیں حکومت نہیں کرنے دے رہی،سیاسی شہید نہیں بننے دینگے۔انھوں نے کہا کہ نوازشریف جب بولیں گے تووہ یوٹرن نہیں لینگے،ہم عمران خان کو سیاسی شہید نہیں بننے دینگے۔جس نے بھی پاکستان کی دولت لوٹی ہے اس کے خلاف بھرپورکارروائی ہونی چاہیے،احتساب کا شفاف نظام بنانے کےلیے پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ نون تحریک انصاف کےساتھ کام کررہی ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ 2013 میں پوری دنیا پاکستان کو خطرناک ملک قرار دیتی تھی لیکن ہم نے دنیا کو بتایا تھا کہ پاکستان نے بہادری کے ساتھ دہشتگردی کو شکست دی ہے، ہم نے ثابت کیا تھا کہ پاکستان اپنے وسائل سے توانائی بحران کو شکست دے سکتاہے، ہماری اس کامیابی کو عمران خان کی نگرانی اور قیادت میں ایک سیاسی سازش کے ذریعے ناکام کیاگیا۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کے سو دن سو یوٹرن ثابت ہوئے، ہم ان کو حکومت کرنے دینا چاہتے ہیں، قوم کو روزانہ ان کے یوٹرن کی قیمت ادا کرنے پڑرہی ہے۔لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان اپوزیشن پر جو انگلیاں اٹھاتے ہیں کاش اپنے گریبان میں جھانکیں، ملک میں کرپشن کے جتنے مگر مچھ ہیں سب پی ٹی آئی کی چھتری کے نیچے پناہ میں ہیں، آج عمران خان تمام کرپٹ سیاسی عناصر کی پناہ گاہ ہیں اور دوسروں پر انگلیاں اٹھاتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں احسن اقبال نے کہا کہ ن لیگ میں کوئی اختلاف نہیں، سب کا قیادت پر اتفاق ہے، سب نوازشریف کے سپاہی ہیں، ہر کارکن شہبازشریف کی صدارت اور نوازشریف کی قیادت پر یکسو ہے۔