ڈولفن پولیس سکواڈ کے ساتویں دستے کی پاسنگ آؤٹ پریڈ،881جوان پاس آؤٹ ہوئے ، آپ لوگ عوام کی جان و مال کے محافظ ہیں:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار

لاہور:ڈولفن پولیس سکواڈ کے ساتویں دستے کی پاسنگ آؤٹ پریڈ پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں منعقد ہوئی۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار پاسنگ آؤٹ پریڈ کے مہمان خصوصی تھے ۔ڈولفن پولیس فورس کے881جوان پاس آؤٹ ہوئے ،جن میں ماسٹر ڈگری اورگرایجویٹس بھی شامل ہیں۔وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارنے پاسنگ آؤٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں ڈولفن سکواڈ کے تمام نوجوانوں کو کامیابی سے پیشہ ورانہ تربیت مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔آپ لوگ عوام کی جان و مال کے محافظ ہیں اور میں سمجھتا ہوں یہ ایک مقدس فریضہ ہے جو آپ نے عملی میدان میں سرانجام دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی حکومت کیلئے امن و امان کے قیام سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہوسکتی۔ پولیس کی جدید خطوط پر تربیت، جدید اسلحہ اور بہتر سہولتوں کی فراہمی ہماری پالیسی کا حصہ ہیں۔ انشاء اللہ ہم پولیس کوتمام سہولتیں اور وسائل فراہم کریں گے۔ ڈولفن فورس کی افادیت کے پیش نظر اس کا دائرہ کار دوسرے بڑے شہروں تک بڑھانا ناگزیر امر ہے۔تحریک انصاف کی حکومت ڈیرہ غازی خان سمیت دیگر پسماندہ علاقوں میں بھی ڈولفن فورس متعارف کرائے گی۔انسپکٹر جنرل پولیس کی جانب سے پیش کردہ گزارشات پر پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں جمنیزیم،لائبریری کے زیر التواء منصوبے مکمل کیے جائیں گے جبکہ ٹریننگ کالج کے پراجیکٹ کو فوری مکمل کیاجائے گا۔ ڈیرہ غازی خان، ساہیوال اور سرگودھا میں بھی پولیس ٹریننگ سکول قائم کئے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ برادر ملک ترکی کی طرز پر پنجاب میں ڈولفن فورس کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور جرائم کی روک تھام ، خاص طور پر سٹریٹ کرائمز کے سدباب کیلئے ڈولفن فورس کی کارکردگی قابل اطمینان ہے۔ ڈولفن فورس کی بھرتی میں میرٹ اور صرف میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھاجاتاہے جوہماری پالیسی کے عین مطابق ہے۔اعلی تعلیم یافتہ اوربلند حوصلہ نوجوانوں کو ٹریننگ کے مختلف مراحل سے گزارا جاتا ہے اوریقیناًاس مرحلے سے گزر کر ڈولفن فورس میں شامل ہونیوالے نوجوان ہماری فورس کا قابل قدر اثاثہ ثابت ہوں گے۔ڈولفن فورس کے ہر جوان کو ذہنی، جسمانی اور دیگر پیشہ ورانہ تربیت کیساتھ ساتھ قانونی امور کے بارے میں بھی خاطرخواہ آگاہی دی جاتی ہے جو ایک اچھا اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہ ملک کا پہلا صوبہ ہے جس نے جدید ہیوی بائیکس، جدید ترین آلات، اسلحہ اور منفرد یونیفارم کیساتھ ڈولفن فورس متعارف کرائی۔مجھے توقع ہے کہ ڈولفن فورس کا ساتواں دستہ پنجاب پولیس کیلئے قابل قدر اثاثہ ثابت ہوگا اور ڈولفن فورس کے جوان اپنی اعلیٰ کارکردگی، خوش اخلاقی اور عمدہ رویے کے ساتھ عوام کا دل جیت لیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کیساتھ پولیس کا رویہ بہتر ہونا چاہیے اور ہراہلکار اورافسرعوام کے ساتھ خوش اخلاقی کا مظاہرہ کرکے عمومی تاثرکو زائل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ جرائم کی بیخ کنی اور صوبے کو امن کا گہوارہ بنانا پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ صوبہ میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اور عوام میں احساس تحفظ پیدا کرکے ہی ہم تیزی سے ترقی کا سفر طے کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہماری پولیس ہمارا قابل قدر اثاثہ ہے اور اس کی قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں۔ پاک فوج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی قربانیوں کا ہی ثمر ہے کہ آج دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آ چکی ہے ۔وزیراعلیٰ نے ڈولفن فورس کی پریڈ کا معائنہ کیا اورکورس کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے جوانوں میں انعامات تقسیم کیے۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈولفن فورس کو پیشہ ورانہ انداز میں جدید خطوط پر تربیت دی گئی ہے اوریہ فورس سٹریٹ کرائم اورجرائم کے خاتمے میں شاندار کام کررہی ہے ۔کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ ڈی آئی جی مرزا فرحان بیگ نے بھی تقریب سے خطاب کیا اورسپاسنامہ پیش کیا۔ #/S