ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرے۔وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انتخابی منشور کے مطابق عوام خصوصاً معاشرے کے کمزور طبقات کوانصاف کی تیزی سے فراہمی کے لئے تمام ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ اسلام آباد میں قانونی اصلاحات کے بارے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرے۔ وزیراعظم نے خصوصاً خواتین ،بچیوں اور گھریلو ملازمین کے بنیادی حقوق یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ مستحق افراد کو آسان انصاف کی فراہمی میں عدالتوں کی مدد کے لئے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی حل متعارف کرایا جارہا ہے۔ قانون و انصاف کے وزیر فروغ نسیم نے کہاکہ مخبر کے تحفظ اور نگرانی کا کمیشن تشکیل دیاگیا ہے تاکہ بدعنوانی اور دوسرے جرائم کی نشاندہی کرنے والوں کو تحفظ اور انہیں انعام دیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو بھی اپنے ملازمتوں کے امور میں انصاف کی فراہمی میں سہولت فراہم کی جاسکے گی۔