ملکی معیشت کی بہتری کیلیے سرمایہ کاری جاری رکھیں گے : وسیم خان
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان نے جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ سرمایہ کاری سے ملکی معیشت کو فائدہ ہو رہا ہے تو اپنا حصہ ڈالتے رہیں گے، اخراجات بڑھنے کو مثبت انداز میں لینا چاہیئے، کھیلوں کی سرگرمیاں ہونے سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات پڑتے ہیں۔ وسیم خان نے کہا کہ ہوٹل انڈسٹری کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ہم نے 5 ہزار ملازمتوں کو محفوظ بنایا ہے، کرکٹ ہونے سے کھلاڑی اور متعلقہ افراد فائیو اور فور اسٹار ہوٹلز میں قیام کر رہے ہیں، فلائٹ اور ٹریولنگ سے بھی متعلقہ شعبوں کو فائدہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ساؤتھ افریقہ اور پی ایس ایل 6 کے دوران بھی مزید سرمایہ کاری ہو گی۔ وسیم خان نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے افغانستان ٹیم کو دورے کی دعوت دی ہے، کرکٹ کے لیے افغانستان کا ترقی کرنا بڑی اہمیت کا حامل ہے، پاکستان نے شروع سے ہی افغان کرکٹ کی معاونت کی ہے، افغان کرکٹرز پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے رہے ہیں جبکہ راشد لطیف اور انضمام الحق نے افغانستان میں کوچنگ بھی کی ہے۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی کا کہنا تھا کہ افغانستان ٹیم کے دورے کو ممکن بنانے کے لیے ونڈو نکالیں گے، جس کے لیے افغانستان کے ساتھ جلد ہی بات چیت کا آغاز کر رہے ہیں۔