عمران خان اب بھی بلیک میلنگ اور انتشار کی سیاست کر رہے ہیں: شاہد خاقان عباسی

جہلم: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آج کے حالات کی ذمہ دار دھاندلی سے آنے والی سابق حکومت ہے، اگلے الیکشن میں جیت مسلم لیگ ن کی ہوگی۔ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ن لیگ آج بھی پاکستان کی مقبول ترین جماعت ہے، مجھے پورا یقین ہے کہ 2023 کے انتخابات میں ن لیگ کو کامیابی ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے طے کرلیا ہے کہ اب عوام کا مینڈیٹ چوری نہیں ہونے دیں گے، ن لیگ نے سیاست قربان کر کے ملکی حالات ٹھیک کرنے کی ٹھان لی ہے، ملک کی معیشت کی بحالی کے لیے ہم نے مشکل فیصلے کیے، آج ہمیں اپنے ملک کے حالات کو دیکھنا ہوگا۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ گزشتہ چار سال کے دوران صرف جھوٹ بول کر ملک کو تباہ کیا گیا، 2018 کے انتخابات چوری کیے گئے، مسلم لیگ ن اپنی کارکردگی کی بات کرتی ہے، ہمیں ملک میں اتفاق کی ضرورت ہے، جس گھر میں اتفاق نہ ہو وہ گھر نہیں چل سکتا۔