پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ بننے کا سلسلہ نہ تھم سکا، آج پھرنئی تاریخ رقم کردی۔

Nov 22, 2024 | 12:55

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں روز نئے سے نئے  ریکارڈ پر ریکارڈ بننے کا سلسلہ نہ تھم سکا۔آج پھر پاکستان اسٹاک مارکیٹ  تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔  100 انڈیکس پہلی بار  99 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا۔ کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان دیکھا جارہا ہے، جہاں آج بھی تیزی کی لہر جاری ہے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج ایک اور نیا ریکارڈ بنا ہے، جہاں 100 انڈیکس میں 2 ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوگیا۔جس کے باعث 100 انڈیکس 99 ہزار 600 پوائنٹس کا سنگ میل عبور کرکے تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ گزشتہ روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں زبردست تیزی دیکھی گئی اور انڈیکس 97 ہزار کی ریکارڈ حد عبور کرگیا تھا اور کاروبارکے اختتام پر 1781 پوائنٹس اضافے سے 97 ہزار 328 پربند ہوا۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتوں سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل تیزی کار جحان ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں مسلسل تیزی اور بازار حصص میں مسلسل قائم ہونے والے ریکارڈز سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہیں۔ گزشتہ ہفتوں میں پی ایس ایکس میں بلندی کے کئی ریکارڈز قائم ہو چکے ہیں۔  ادھر انٹر بینک میں آج کاروبار کے آغاز میں امریکی ڈالر کا بھاؤ 16 پیسے کم ہوا ہے۔ انٹر بینک میں ڈالر 16 پیسے سستا ہو کر 277 روپے 80 پیسے کا ہو گیا۔گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر انٹر بینک میں ڈالر 277 روپے 96 پیسے کا تھا۔

مزیدخبریں