لندن : امریکی سفارت خانے کے قریب دھماکہ، خوف و ہراس پھیل گیا

Nov 22, 2024 | 22:19

امریکی سفارت خانہ کے پاس مشتبہ بیگ میں دھماکے سے خوف وہراس پھیل گیا، ویزے کیلئے آنے والے لوگ کئی گھنٹے تک محصور رہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لندن میں موجود امریکی سفارت خانہ کے قریب اس وقت افرا تفری پھیل گئی جب وہاں اچانک ایک زور دار دھماکہ ہوا۔ مقامی میٹرو پولیٹن پولیس نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ لندن پولیس نے امریکی سفارتخانے میں مشتبہ بیگ کو کنٹرولڈ دھماکے سے تباہ کردیا ہے۔ لندن پولیس کے مطابق مذکورہ مشکوک بیگ میں نقلی ڈیوائس تھی جسے کنٹرولڈ دھماکے سے اڑایا گیا، اس وقت سفارتخانے اور گرد و نواح کے راستوں کو عوام کیلئے بند کردیا گیا تھا۔ اس حوالے سے ترجمان امریکی سفارت خانہ نے کہا ہے کہ مقامی افسران لندن میں امریکی سفارتخانہ کے باہر ایک مشتبہ پیکیج کی جانچ پڑتال کر رہے ہیں۔ خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس کا کہنا کہ دھماکہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا ہے لیکن احتیاطاً جائے وقوعہ پر اہلکار موجود ہیں اور احتیاطاً پونٹن روڈ کو بند کر دیا تھا جسے بعد ازاں کھول دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پولیس کو علاقے میں ایک مشتبہ بیگ ملنے کی اطلاع موصول ہوئی تھی جس کے بعد پورے علاقے میں سیکورٹی سخت کر دی گئی اور مصروف ترین گیٹویک ایئرپورٹ کو بھی خالی کرالیا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق امریکی سفارت خانے میں ویزے کے حصول کے لئے آنے والے افراد گھنٹوں سفارت خانے میں محصور رہے۔ 

مزیدخبریں