لاہورمیں پنجاب یوتھ فیسٹیول اپنی تمام تررنگینیوں کے ساتھ جاری ہے۔ ایک ہزار نو سو چھتیس طلباء نے اکھٹے ہو کر دنیا کی سب سے بڑی تصویر بنانے کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

یوتھ اسپورٹس فیسٹیول میں پاکستانی طلباء کے ریکارڈ بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔ آج نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہورمیں پاکستان کے ایک ہزار نو سو چھتیس طلباء نے شاہی قلعہ کا موزیق بنا کر امریکی ریاست کیرولینا کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔ گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی ٹیم کے سربراہ گیرتھ ڈیوز نے موزیق بنانے کی کوشش سے قبل طلباء کی گنتی کی اور قواعد و ضوابط پر پورا اترنے کے بعد مقابلے کے آغاز کا اعلان کیا۔ طلباء نے ہاتھوں میں اٹھائے ہوئے مختلف ٹکڑوں کو جوڑ کر شاہی قلعہ لاہور کی تصویر بنا ڈالی۔ دس منٹ کی اس کاوش کے دوران ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی اور یوتھ اسپورٹس فیسٹیول کے آرگنائزر رانا مشہود احمد پاکستان زندہ باد کے نعرے لگواتے رہے۔ تصویر مکمل ہونے کے بعد گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ انتظامیہ نے پاکستان کے نام عالمی ریکارڈ کا اعلان کیا تو نیشنل ہاکی اسٹیڈیم اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل یہ ریکارڈ امریکی ریاست نارتھ کیرولینا کے پاس تھا جہاں تین دسمبر دو ہزار گیارہ کو ایک ہزار چار سو اٹھاون افراد نے اکھٹے ہو کر موزیق بنایا تھا۔