لاہورکی مقامی عدالت نے چیک باؤنس کیس میں سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد پر فرد جرم عائد کردی۔

کیس کے تفتیشی افسر کی جانب سے چالان مکمل کر کے لاہور کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا جس میں کہا گیا کہ کرکٹر اعجاز احمد نے شوکت علی نامی شہری سے کاروبار کے لیے ایک کروڑ روپے وصول کیے اور اس رقم کو واپس کرنے کے بجائے چیک دیا جو باؤنس ہو گیا لہذا اعجاز احمد پر فرد جرم عائد کی جائے۔ دلائل سننے کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ محمد امتیاز نے سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد پر فرد جرم عائد کر دی۔ عدالت نے کیس کی سماعت دس نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے شہادتیں طلب کر لی ہیں۔