نون لیگ پر کرپشن ثابت ہوچکی، شریف برادران اخلاقی طور پر سیاست چھوڑ دیں ۔ وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

ناصر باغ لاہور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے نیشنل ریگولیشنز اینڈ سروسز ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کرپشن ثابت ہونے پر شریف برادران کو اخلاقی طور پر سیاست چھوڑ دینی چاہیے۔ نون لیگ پنجاب کو اپنا قلعہ کہتی ہے لیکن اس میں منظور وٹو اور تنویر اشرف نام کے شگاف پڑ چکے ہیں۔ آئندہ انتخابات میں پنجاب سمیت ملک بھر سے پیپلز پارٹی فتح حاصل کرے گی۔ مخالفین ایک دو جلسوں کو کامیابی سمجھنے لگے ہیں جبکہ یہ ٹی ٹوئنٹی میچ نہیں ہے۔ پیپلز پارٹی لمبی اننگز کھیلنے کی عادی ہے۔ انتخابات میں چوکے چھکے لگائیں گے اور مخالفین کو تھکا کر شکست دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ داؤ پیچ جاننے والا ہی سیاسی دنگل جیتتا ہے اور صدر زرداری نے داؤ پیچ جاننے والے منظور وٹو کو پنجاب کا صدر بنادیا ہے۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر منظور وٹو نے خطاب میں کہا کہ وہ نون لیگ کو دو بار شکست دے چکے ہیں اور اب تیسری بار ہرائیں گے۔ انہوں نے پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں ایک سڑک پر ستر ارب روپے خرچ کیے جارہے ہیں جبکہ اس سے صوبے بھر میں پینتیس اضلاع کی سڑکیں درست کی جاسکتی تھیں۔ دانش اسکول کے نام پر صوبے میں تعلیمی نظام تباہ کردیا گیا ہے اور امن و امان کی صورتحال خراب تر ہوتی جارہی ہے۔ ڈکیتیاں اور اغواء برائے تاوان معمول بن گیا ہے۔ وزیر اعلی اسمبلی اجلاس میں شرکت نہیں کرتے اور نہ ہی کابینہ اجلاس بلاتے ہیں۔ سرکاری لوگ وزیر اعلی پنجاب کی عزت نہیں کرتے بلکہ ان کے رویے کی شکایت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ قاف لیگ سے مل کر چلیں گے اور ناراض جیالوں کو ان کے گھر جا کر منائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی میں پنجاب سے بھی کامیابی حاصل کرے گی۔