اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کل اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا۔ قومی ایئر لائن کی بدحالی سمیت ملک کی مجموعی اقتصادی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کل اسلام آباد میں وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی صدارت میں ہوگا جس میں قومی ایئرلائن کی بدحالی سمیت ملکی اقتصادی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے حکومت سے آٹھ ارب روپے کے قرضے ایکویٹی میں تبدیل کرنے اور ایک کھرب سینتالیس ارب روپے کے قرضے ری شیڈول کرنے کی درخواست کی ہے۔ اس کے علاوہ نئے جہاز لیز پر لینے کے لیے چار اعشاریہ پانچ ملین ڈالر کی فراہمی کی بھی درخواست کی گئی ہے۔ اجلاس میں پی آئی اے اور نیشنل شپنگ لائن کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں فرٹیلائزر سیکٹر کو گیس کی فراہمی اور ہفتہ وار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین پر نظر ثانی کا بھی امکان ہے۔ اجلاس میں ڈرائی پورٹس اور اقتصادی زونز کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔