وزیراعظم محمد نواز شریف کی امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے چیئرمین اور ارکان سے ملاقات
وزیراعظم محمد نواز شریف نے واشنگٹن میں امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے چیئرمین باب کورکر اور اس کے ارکان سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز، سید جلیل عباس جیلانی، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیر دفاع خواجہ محمد آصف بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم نے جمہوریت اور سیکیورٹی کے معاملات پر تعاون سمیت پاکستان کی اقتصادی ترقی میں امریکی تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے انسداد دہشت گردی میں امریکی کانگرس کے تعاون پر بھی ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان نے آپریشن ضرب عضب میں ابتدائی اہداف حاصل کرلئے ہیں۔ وزیراعظم نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی حتمی مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔ انہوں نے کمیٹی کو یقین دلایا کہ افغانستان میں امن اور سلامتی سمیت مفاہمتی عمل کیلئے تعاون بھی جاری رکھا جائے گا۔ محمد نواز شریف نے کمیٹی کو بھارت کے ساتھ امن کیلئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ پاکستان پرامن ہمسائیگی کا خواہاں ہے۔ سینیٹر کورکر نے وزیراعظم کے اصلاحاتی ایجنڈا کی تعریف کی اور دہشت گردی کے خلاف بین الاقوامی کوششوں میں پاکستان کے ہراول دستے کی حیثیت سے دی جانے والی قربانیوں کو تسلیم کیا۔