کراچی کے حلقے این اے 247 اور پی ایس 111 سے تحریک انصاف کامیاب
شہر قائد کے حلقے این اے 247 اور پی ایس 111 سے تحریک انصاف کے امیدوار کامیاب قرار پائے۔ شہر قائد میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 247 اور سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 111 پر ضمنی انتخاب ہوا جس میں تحریک انصاف کے آفتاب حسین صدیقی اور شہزاد قریشی نے میدان مارلیا۔ این اے 247 کراچی کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی اورغیرسرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے آفتاب حسین صدیقی 32326 ووٹ لے کامیاب قرار پائے ہیں جب کہ ایم کیو ایم کے صادق افتخار 13985 ووٹ لے کر دوسرے نمبرپر رہے۔ پی ایس 111 کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی اورغیرسرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار شہزاد قریشی نے کامیابی حاصل کرلی، ان کے مدمقابل ایم کیو ایم کے امیدوار جہانزیب مغل اور پیپلز پارٹی کے امیدوار فیاض پیرزادہ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ عام انتخابات میں یہ دونوں نشستیں تحریک انصاف نے جیتی تھیں۔ این اے 247 سے پی ٹی آئی کے عارف علوی جب کہ پی ایس 111 سے عمران اسماعیل کامیاب ہوئے تھے۔ یہ نشستیں عارف علوی کے صدرمملکت منتخب ہونے جب کہ عمران اسماعیل کے گورنر سندھ مقرر ہونے کے باعث خالی ہوئی تھیں۔