بھارتی فورسز کی وحشیانہ کارروائیوں کےخلاف مقبوضہ کشمیر میں آج مکمل ہڑتال
سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکیورٹی فورسز کی وحشیانہ کارروائیوں کے خلاف حریت رہنماؤں کی اپیل پر آج مکمل ہڑتال ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فورسز نے ضلع کلگام میں 9 کشمیریوں کو شہید اور 50 سے زائد افراد کو زخمی کردیا تھا۔کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق ہڑتال کی کی کال حریت رہنماؤں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک کی جانب سے دی گئی ہے۔مشترکہ حریت قیادت کے اعلان پر آج ہڑتال اور کل سری نگر کے لال چوک پر احتجاج کیا جائے گا۔آج وادی میں تمام تعلیمی ادارے، دکانیں اور کاروبار بند رہے گا۔واضح رہے کہ قابض انتظامیہ کی جانب سے ضلع کلگام میں گزشتہ روز ہی کرفیو نافذ کرکے انٹرنیٹ سروس معطل کردی گئی تھی۔