فکسنگ کیس میں تاحیات پابندی کے شکار دانش کنیریا کیخلاف بورڈ کی نئی انکوائری کا امکان
فکسنگ کیس میں تاحیات پابندی کے شکار دانش کنیریا کیخلاف پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے نئی انکوائری شروع کیے جانے کا امکان ہے۔کنیریا پر 2012 میں انگلش بورڈ نے کانٹی کرکٹ میں فکسنگ کی وجہ سے پابندی عائد کی تھی، 6 برس تک انکار کرنے کے بعد اب آخر کار انھوں نے اعتراف جرم کرلیا ہے۔ پی سی بی کے ذرائع نے کہا ہے کہ کنیریا نے ایک سنجیدہ نوعیت کے معاملے کا اعتراف کیا ہے، ان کے بارے میں بورڈ کے چیئرمین احسان مانی لیگل ٹیم اور اینٹی کرپشن آفیشلز سے صلاح مشورے کے بعد سابق لیگ اسپنر کے خلاف نئی انکوائری کا حکم دے سکتے ہیں۔ ا نہوں نے کہا ہے کہ کنیریا پر پابندی چونکہ غیرملکی سرزمین پر عائد ہوئی۔اس لیے اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ ان کے بکیز کے ساتھ روابط کا پاکستان کرکٹ پر تو ماضی میں کوئی اثرنہیں پڑا۔ ذرائع نے کہا ہے کہ بورڈ نے تاحیات پابندی کے باوجود کنیریا کے بارے میں نرم رویہ اختیار کیا مگر اب انھیں کرکٹ سے مکمل طور پر باہرکیا جائیگا، ماضی میں یہ بات بورڈ کے نوٹس میں آئی کہ کنیریا بنکاک میں پرائیویٹ ایونٹ میں شریک ہوئے مگر اب ان پربطور ماہر ٹی وی چینلز یا ریڈیو شوز میں شریک ہونے پر بھی پابندی عائد کی جاسکتی ہے۔