بھارت کیخلاف اہم میچ میں کوچ نے مجھ سمیت کھلاڑیوں سے بدتمیزی کی۔ حسن سردار
پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر حسن سردار نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت کیخلاف اہم میچ میں کوچ محمد ثقلین نے مجھ سمیت کھلاڑیوں سے بدتمیزی کی، جبکہ ثقلین کا کہنا ہے کہ حسن سردار سے کیمپ کے دوران ہی اختلافات شروع ہوگئے تھے۔حسن سردار نے کہا ہے کہ محمد ثقلین کو روکا تو میرے ساتھ بھی بدتمیزی کرنے لگے، میں نے ثقلین کو عہدے سے ہٹانے اور وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا اب پی ایچ ایف محمد ثقلین کو معطل کرکے ان کے خلاف ڈسپلنری کارروائی کرے۔ انہوں نے بتایا کہ محمد ثقلین کبھی ڈسپلن کا پابند نہیں رہا،کھلاڑی کی حیثیت سے محمد ثقلین کو 3 مرتبہ معطل کیا گیا تھا۔دوسری جانب پاکستان ہاکی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ محمد ثقلین نے کہا ہے کہ منیجر حسن سردار سے کیمپ کے دوران ہی اختلافات شروع ہوگئے تھے، پاکستان ہاکی فیڈریشن کوآگاہ بھی کیا تھا، ایکشن لیا جاتا تو یہ صورتحال پیدا نہ ہوتی۔ا نہوں نے کہاکہ وطن واپسی پر صدر پی ایچ ایف کو تمام صورتحال سے آگاہ کروں گا۔واضح رہے کہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے دوران حسن سردار اور محمد ثقلین کے درمیان جھگڑا ہوا تھا اور مسقط میں پاکستان ٹیم کو بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔